یونائیٹڈ اسٹیٹس ٹرائمفل آرچ: ٹرمپ حکومت کا دنیا کی سب سے بڑی یادگار بنانے کا اعلان

امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی یاد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ عظیم الشان منصوبے کو باضابطہ نام دے دیا گیا ہے، جسے اب یونائیٹڈ اسٹیٹس ٹرائمفل آرچ کہا جائے گا۔

یہ منصوبہ ٹرمپ کے دوسرے دور میں واشنگٹن میں شروع کیے گئے بڑے تعمیراتی منصوبوں کا حصہ ہے، جن میں وائٹ ہاؤس میں ایک وسیع بال روم کی تعمیر اور کینیڈی سینٹر برائے فنون لطیفہ کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔

اس منصوبے کو میڈیا نے ابتدا میں آرک ڈی ٹرمپ کا نام دیا تھا جب اس کا ماڈل گزشتہ سال اکتوبر میں اوول آفس میں دیکھا گیا تھا۔

تاہم ناقدین اس سنہری ڈیزائن والی یادگار کو ٹرمپ کی “ذاتی تشہیر” قرار دے رہے ہیں، جبکہ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ قومی فخر کی علامت ہوگی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیو اٹ نے اعلان کیا کہ یہ دیوہیکل یادگار امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی خوشی میں تعمیر کی جائے گی۔

ان کے مطابق یہ یادگار تقریباً 250 فٹ (76 میٹر) بلند ہوگی، جس کے اوپر ایک سنہری مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ اس کی بلندی کے باعث یہ پیرس کی مشہور آرک ڈی ٹرائمف سے بھی کہیں بڑی ہوگی، جو 164 فٹ بلند ہے۔

یہ یادگار دنیا کی سب سے بڑی محرابی یادگار بننے جا رہی ہے، جو یادگار انقلاب اور شمالی کوریا کے یادگار فتح کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔