عوام پر نیا بوجھ: بجلی اور بھی مہنگی کرنے کی تیاری

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے، جہاں بجلی کی قیمت میں 26 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق یہ اضافہ مارچ 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی سی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست جمع کروا دی ہے، جس پر 28 اپریل کو سماعت ہوگی۔

سی پی پی اے کے مطابق مارچ میں 8 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ 8 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ یونٹس ڈسکوز کو فراہم کی گئی۔ بجلی کی ریفرنس لاگت 7.99 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔

مارچ میں بجلی کی کل پیداوار میں پانی سے 23.55، جوہری ایندھن سے 21.95 جب کہ مقامی کوئلے کاحصہ 16.76 فیصد رہا۔

اسی طرح مقامی گیس سے کل بجلی کا 11.34فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.80، ایل این جی سے 5.64، ہواسے 3.46، شمسی توانائی سے 1.18 اور فرنس آئل سے 1.02 فیصد رہا۔

اگر یہ اضافہ منظور ہو جاتا ہے تو گھریلو اور کمرشل صارفین کے بل مزید بڑھ جائیں گے۔ مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔ کےالیکٹرک کے صارفین بھی اس سے متاثر ہوں گے