چین کی معروف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی ڈیپ سیک نے طویل انتظار کے بعد اپنے نئے اے آئی ماڈل ڈیپ سیک-وی 4 کا پری ویو ورژن جاری کر دیا ہے، جس نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔
کمپنی کے مطابق ڈیپ سیک- وی 4 ایک انتہائی جدید ماڈل ہے، جس میں ایک ملین الفاظ تک کا طویل کانٹیکسٹ سمجھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ماڈل نہ صرف ایجنٹ کیپبیلٹیز بلکہ عالمی معلومات اور پیچیدہ استدلال میں بھی نمایاں کارکردگی دکھاتا ہے۔
یہ نیا ماڈل دو ورژنز ڈیپ سیک وی4 پرو اور ڈیپ سیک وی4 فلیش کےنام سے متعارف کرایا گیا ہے۔ ڈیپ سیک وی4 پرو زیادہ طاقتور اور اعلیٰ کارکردگی والا جبکہ ڈیپ سیک وی4 فلیش کم لاگت اور زیادہ مؤثر آپشن کےساتھ ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ڈیپ سیک وی4 پرو اوپن سورس ماڈلز میں عالمی معیار پر سبقت رکھتا ہے، جبکہ کارکردگی کے لحاظ سے یہ گوگل کے ٹاپ کلازڈ سورس ماڈل جیمنئی پرو 3.1 کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
ڈیپ سیک نے ایک سال قبل اپنے کم لاگت والے ریزننگ ماڈل سے دنیا کو حیران کر دیا تھا، جس نے امریکی کمپنیوں کے مہنگے ماڈلز کو سخت مقابلہ دیا تھا۔
ماہرین کے مطابق ڈیپ سیک وی4 کی آمد عالمی اے آئی ریس کو مزید تیز کر دے گی، جہاں اب کم لاگت اور زیادہ کارکردگی مستقبل کی بڑی جنگ بن چکی ہے۔











