خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ ماہ شروع کی گئی ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت نہ صرف موٹر سائیکل سوار بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ (مال بردار گاڑیاں) بھی مستفید ہو سکیں گے۔
وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ فیول سبسڈی کے باعث سفری کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل (مال بردار گاڑیوں کے کرایوں) میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا “قومی ریلیف پیکیج” فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ان اقدامات کی مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے تاکہ ریلیف براہِ راست مستحق افراد تک پہنچے۔ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، ہم عوام کو ان کٹھن حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔جس قدر ممکن ہو سکا، ہم عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ خطے (ایران امریکا تنازع) کی صورتحال میں جلد بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں استحکام آ سکے اور عوام پر بوجھ کم ہو۔


