اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جو اس سے پہلے 380 روپے 19 پیسے تھی۔
ذرائع کے مطابق چونکہ یکم مئی کو عام تعطیل ہے، اس لیے قیمتوں میں تبدیلی کا اعلان ایک دن پہلے ہی کر دیا گیا۔
دوسری جانب اوگرا کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پیٹرولیم ڈیلرز کی ممکنہ ہڑتال کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔ پیٹرولیم ڈویژن نے بھی واضح کیا ہے کہ پیٹرول پمپس بند ہونے کی خبریں غلط ہیں اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔


