بھارتی اداکارہ ریم شیخ ایک ایسے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں والدین کا تعلق مختلف مذاہب سے ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے بچپن سے ہی مذہبی تنوع کو قریب سے دیکھا۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی ایسے شخص کے ساتھ گزارنے کا تصور نہیں کر سکتیں جو ان کے عقیدے سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ اگر انہیں کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے شخص سے محبت ہو جائے تو کیا وہ شادی کریں گی؟ اس پر انہوں نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا فیصلہ نہیں کر سکتیں کیونکہ ان کی زندگی میں مذہب کو بہت اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز ادا کرتی ہیں اور اب روزے بھی رکھ رہی ہیں، اس لیے وہ اپنی زندگی ایسے شخص کے ساتھ گزارنے کا تصور نہیں کر سکتیں جو ان کے عقیدے سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں وہ سب سے پہلے اللہ سے رجوع کرتی ہیں، اور ان کے نزدیک شریکِ حیات کا ایمان بھی اہم ہونا چاہیے۔ ان کا موجودہ مؤقف ان کے ذاتی تجربات اور روحانی سفر کا نتیجہ ہے، اور اب وہ اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں کچھ افراد ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔


