پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں جہاں تجربہ کار بیٹرز بھی محتاط دکھائی دیتے ہیں، وہیں پاکستان کے نوجوان اوپنر اذان اویس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ کو یادگار بنا دیا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے بنگلادیش کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرکے تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔
اذان اویس ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پاکستان کے 14ویں کرکٹر بن گئے ہیں، جبکہ ان کی یہ اننگز نہ صرف ذاتی سنگِ میل ثابت ہوئی بلکہ ٹیم کے لیے بھی مضبوط بنیاد فراہم کر گئی۔
میرپور کے شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوران نوجوان بیٹر نے غیر معمولی اعتماد اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد انہوں نے بنگلادیشی بولرز کے خلاف دلکش اسٹروکس کھیلے اور میدان کے چاروں جانب رنز بٹورے۔
اذان اویس کی اننگز کی خاص بات ان کا پرسکون مزاج رہا، جس نے یہ تاثر دیا کہ وہ دباؤ سے بے نیاز ہو کر کھیل رہے ہیں۔ شائقینِ کرکٹ نے بھی نوجوان بیٹر کی اس یادگار اننگز کو خوب سراہا، جبکہ سوشل میڈیا پر انہیں پاکستان کرکٹ کا نیا اُبھرتا ہوا ستارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم کو ایک عرصے سے ٹاپ آرڈر میں مستقل مزاج بیٹر کی تلاش تھی، اور اذان اویس کی یہ سنچری مستقبل کے لیے خوش آئند اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
اذان اویس کی اسٹریٹ ڈرائیو، پُل اور کور ڈرائیو پر جہاں کمنٹیٹر تعریف کرتے رہے تو وہیں سوشل میڈیا صارفین بھی اُنھیں پاکستان کرکٹ کا مستقبل قرار دے رہے ہیں۔











