پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ جس صف میں دل، قدم اور ارادے ایک ہوں، اللّٰہ تعالیٰ بھی اسے پسند فرماتا ہے۔
ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ پر قوم اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس آپریشن کو ایک برس بیت چکا ہے، تاہم اس کی کامیابی آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں تازہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص محض ایک عسکری کارروائی نہیں تھی بلکہ یہ پاکستانی قوم کی غیرت، پاک فوج کی جرات اور اللّٰہ کی نصرت کی علامت تھی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ موجودہ دنیا کو نفرت اور تقسیم نہیں بلکہ امن، برداشت اور انسانیت کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی بات کی، تاہم جب وطن کی عزت اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہو تو پوری قوم ایک مضبوط دیوار بن جاتی ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ اصل طاقت صرف ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اتحاد، ایمان اور سچائی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔


