دنیا کی سب سے بڑی کارپوریٹ بٹ کوائن ہولڈر کمپنی اسٹریٹیجی نے ایک بار پھر بٹ کوائن کے ذخائر میں اضافہ کردیا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ ہفتے 535 بٹ کوائن خریدنے کیلئے تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
ٹیک کرنچ امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق کمپنی نے 4 سے 10 مئی کے دوران اوسطاً 80 ہزار 340 ڈالر فی بٹ کوائن کے حساب سے خریداری کی۔
اس نئی سرمایہ کاری کے بعد کمپنی کے پاس مجموعی طور پر 8 لاکھ 18 ہزار 869 بٹ کوائن موجود ہیں، جنہیں تقریباً 61 ارب 86 کروڑ ڈالر میں خریدا گیا۔
اسٹریٹیجی، جو پہلے مائیکرو اسٹریٹیجی کے نام سے جانی جاتی تھی، نے بٹ کوائن خریدنے کیلئے شیئرز فروخت کرکے فنڈز اکٹھے کیے۔
کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل سیلر نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر شیئر ہولڈرز کو ڈیویڈنڈ دینے کیلئے کچھ بٹ کوائن فروخت بھی کیے جاسکتے ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے مزید بٹ کوائن خریدنے کا اشارہ دیا۔
رپورٹس کے مطابق اپریل کے آخری ہفتے میں بھی کمپنی نے 3 ہزار 273 بٹ کوائن خریدے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسلک ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کو رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں تقریباً 40 کروڑ ڈالر سے زائد نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ایک بڑی وجہ کرپٹو کرنسیز کی قیمتوں میں کمی بتائی جارہی ہے۔


