گوگل نے طویل انتظار کے بعد اینڈرائیڈ 17 اپ ڈیٹ متعارف کرا دیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے کئی جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق نئی اپ ڈیٹ سب سے پہلے گوگل پکسل اور سام سنگ گلیکسی فونز کیلئے جاری کی جائے گی، جبکہ دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو بھی رواں برس اس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اینڈرائیڈ 17 میں 4 ہزار سے زائد ایموجیز کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جنہیں تھری ڈی لک اور زیادہ بہتر ویژول ایفیکٹس دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پاز پوائنٹ نامی نیا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے، جو صارفین کو سوشل میڈیا اور دیگر توجہ ہٹانے والی ایپس کے استعمال کے دوران 10 سیکنڈ کا وقفہ دے گا اور ساتھ ہی بریتھنگ ایکسرسائز یا مفید ایپس استعمال کرنے کی تجاویز بھی دے گا۔
کانٹینٹ کریئیٹرز کے لئے اسکرین ری ایکشنز فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین موبائل اسکرین اور سیلفی کیمرا کو ایک ساتھ ریکارڈ کرسکیں گے۔ یہ فیچر ویڈیوز، ٹیوٹوریلز اور کمنٹری کیلئے انتہائی کارآمد ثابت ہوگا۔
نئی اپ ڈیٹ میں “کری ایٹ مائے ویجیٹ” آپشن بھی دیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کے مطابق ہوم اسکرین ویجٹس بنا سکیں گے۔ گوگل نے جیمنئی اے آئی آٹومیشن کو بھی مزید بہتر بنایا ہے، جس کے ذریعے گروسری آرڈر اور ٹکٹ بکنگ جیسے کام آسان ہوجائیں گے۔
اینڈرائیڈ 17 میں کوئیک شیئر فیچر کو مزید وسعت دیتے ہوئے آئی فون صارفین کیلئے کیوآر کوڈ کے ذریعے فائل شیئرنگ کی سہولت بھی شامل کردی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اے آئی اسکیم ڈیٹیکشن، مالویئر اسکیننگ، ریموٹ بایومیٹرک لاکنگ اور اینٹی تھیفٹ پروٹیکشن جیسے جدید سیکیورٹی فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں، جو صارفین کے ڈیٹا کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنائیں گے۔


