امریکی تحویل سے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی رہا: اسحاق ڈار کا اعلان

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی بھی کامیاب واپسی کا انتظام کیا گیا ہے، جو سنگاپور کے راستے اپنے وطن روانہ ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ رہائی پانے والے تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق تمام پاکستانی اور ایرانی شہری سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہوچکے ہیں، جبکہ ایرانی شہریوں کی بعد ازاں ان کے وطن واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکل حالات میں پھنسے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

اسحاق ڈار نے اس عمل میں تعاون پر سنگا پور کی حکومت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنگاپور نے پورے مرحلے کے دوران مسلسل معاونت فراہم کی۔

انہوں نے تھائی لینڈ کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا، جس نے بینکاک کے ذریعے ٹرانزٹ سہولت فراہم کی، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ کے اعتماد کو بھی سراہا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ امریکا کی حکومت اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی ہموار واپسی کے لیے قریبی تعاون کیا، جس پر پاکستان ان کا شکر گزار ہے