پاکستانی ویمنز ٹیم کی بیٹر فاطمہ ثنا نے خواتین ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر دنیا کی تیز ترین ففٹی کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان اور زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں قومی کپتان فاطمہ ثنا نے جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سابق ریکارڈ توڑ دیا جو سوفی ڈیوائن، فوبی لچفیلڈ اور رچا گھوش کے پاس مشترکہ طور پر 18 گیندوں پر نصف سنچری کی صورت میں موجود تھا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16.2 اوورز میں 152 رنز پر چار وکٹیں گنوائی تھیں جب فاطمہ ثنا میدان میں آئیں۔ انہوں نے آتے ہی زمبابوین باؤلرز پر دھاوا بول دیا۔ کدزائی چیگورا کے ایک اوور میں مسلسل چار چوکے جڑنے کے بعد انہوں نے نومویلو سیبانڈا کے اوور میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بٹورے۔
فاطمہ ثنا نے آخری اوور کی دوسری گیند پر دو رنز لے کر اپنی تاریخی نصف سنچری مکمل کی اور ناقابلِ شکست 62 رنز صرف 19 گیندوں پر اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب سائرہ جبین نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے، جو خواتین ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ ندا ڈار کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 20 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔
فاطمہ ثنا رواں سال خواتین ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی سب سے کامیاب بیٹر بھی بن چکی ہیں۔ انہوں نے 2026 میں اب تک پانچ اننگز میں 229 رنز 206.30 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں، جو خواتین کرکٹ میں اس سال بہترین اسٹرائیک ریٹ مانا جا رہا ہے۔


