اہم ترین

لفظوں کا کھیل ورڈل اب ٹی وی پر دھوم مچانے کے لئے تیار

دنیا بھر کے میڈیا ادارے اب اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پزلز اور گیمز متعارف کرانے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں تاکہ نیویارک ٹائمز کی شاندار کامیابی کو دہرایا جا سکے۔ معروف لفظی گیم “ورڈل” کی بے پناہ مقبولیت کے بعد اب امریکی ٹی وی نیٹ ورک این بی سی اس پر ایک باقاعدہ گیم شو تیار کر رہا ہے، جس کی میزبانی مشہور ٹی وی اینکر سوانا گتھری کریں گی جبکہ پروگرام 2027 میں نشر کیا جائے گا۔

نیویارک ٹائمز کے ہیڈ آف گیمز جوناتھن نائٹ کے مطابق ورڈل نے پزل گیمز کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا آسان اور دلچسپ کھیل ہے جسے ہر عمر اور ہر طبقے کے لوگ کھیل سکتے ہیں۔

ورڈل کو ویلز سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویئر انجینئر جوش وارڈل نے ذاتی منصوبے کے طور پر تیار کیا تھا۔ 2021 میں اس گیم کے صرف 90 صارفین تھے لیکن چند ہی ہفتوں میں یہ تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ بعد ازاں 2022 میں نیویارک ٹائمز نے اس گیم کو خرید لیا، جس کے بعد کمپنی کے گیمز سیکشن کو غیر معمولی فروغ ملا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اس کے گیمز ایک سال میں 8 ارب سے زائد بار کھیلے گئے، جن میں اکثریت ورڈل کھیلنے والوں کی تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بہت سے صارفین صرف گیمز کی وجہ سے سبسکرپشن لیتے ہیں اور بعد میں دیگر خبروں اور مواد میں بھی دلچسپی لینے لگتے ہیں۔

ورڈل کی کامیابی کے بعد دیگر میڈیا کمپنیاں بھی میدان میں آ چکی ہیں۔ ٹائم میگزین نے “ٹائم گیمز” کے نام سے نئی سروس متعارف کرا دی ہے جبکہ مائیکروسافٹ کی ملکیت لنکڈ اِن نے عالمی شہرت یافتہ سوڈوکو چیمپئن تھامس سنائیڈر کو بطور “پزل ماسٹر” مقرر کیا ہے۔ نیٹ فلکس بھی اسی طرز کے مختصر اور دلچسپ گیمز پر کام کر رہا ہے۔

جوناتھن نائٹ نے خبردار کیا کہ ہر میڈیا ادارہ صرف نقل کر کے کامیاب نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق گیمز کو ادارے کے مزاج اور صارفین کی دلچسپی کے مطابق بنانا ضروری ہے، ورنہ صارفین اسے مسترد کر دیں گے۔

ماہرین کے مطابق مختصر مگر روزانہ کھیلے جانے والے پزل گیمز اب میڈیا انڈسٹری کے لیے صارفین کو اپنی جانب متوجہ رکھنے اور سبسکرپشن بڑھانے کا اہم ذریعہ بنتے جا رہے ہیں۔

پاکستان