امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کے عالمی سطح پر دوسرے اہم ترین کمانڈر ابو بلال المنوکی کو امریکی اور نائجیرین افواج کے مشترکہ آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی اسپیشل فورسز اور نائجیریا کی مسلح افواج نے انتہائی پیچیدہ اور منظم کارروائی کے ذریعے دنیا کے سب سے متحرک دہشت گرد کو ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ابو بلال المنوکی سمجھتا تھا کہ وہ افریقا میں چھپ سکتا ہے، لیکن ہمیں ایسے ذرائع سے مسلسل معلومات مل رہی تھیں جو اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
ٹرمپ نے اس کامیاب کارروائی پر نائجیریا کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا، تاہم آپریشن کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ابو بلال المنوکی کو 2023 میں امریکا نے عالمی دہشت گرد قرار دے کر پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
ٹرمپ کے مطابق اس کی ہلاکت کے بعد داعش کی عالمی کارروائیوں کی صلاحیت کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، نائجیریا میں شدت پسند گروہوں کے خلاف تعاون بڑھا رہا ہے۔
گزشتہ برس کرسمس کے موقع پر بھی امریکی افواج نے نائجیریا کی ریاست سوکوٹو میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا تھا۔
امریکا نے حالیہ مہینوں میں نائجیریا میں سیکڑوں فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں جو انٹیلی جنس شیئرنگ اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم نائجیریا کا کہنا ہے کہ امریکی افواج براہِ راست جنگی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے رہیں بلکہ صرف معاون کردار ادا کر رہی ہیں۔


