اہم ترین

ڈھاکاٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ: پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 8 پوائنٹس کٹ گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا ٹیسٹ میں سست اوور ریٹ برقرار رکھنے پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ( ڈبلیو ٹی سی) کے 8 اہم پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے اس سزا کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں 104 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 8 اوورز کم کرانے کی مرتکب پائی گئی، جس پر میچ ریفری جیف کرو نے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پوائنٹس کی کٹوتی اور جرمانہ عائد کیا۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق ہر کم اوور پر ٹیم کے ایک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے جبکہ کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔ اس حساب سے پاکستانی کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 40 فیصد میچ فیس جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد پاکستان کے مجموعی پوائنٹس 4 رہ گئے ہیں جبکہ اس کی پوائنٹس شرح 11.11 فیصد ہو گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے بھی 4 پوائنٹس ہیں لیکن کم شرح کے باعث وہ نویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں سلو اوور ریٹ پر سزا پانے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف سست اوور ریٹ پر انگلینڈ کے بھی 2 پوائنٹس کاٹے گئے تھے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی موجودہ درجہ بندی میں آسٹریلیا 87.50 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، سری لنکا چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف فتح کے بعد انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان