پاکستانی ثقافت کی عالمی نمائندگی، کانز ریڈ کارپٹ پر صنم سعید چھا گئیں

فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول کے دوران پاکستانی اداکارہ صنم سعیدنے شاندار انداز میں ڈیبیو کرتے ہوئے عالمی توجہ سمیٹ لی۔ مشرقی لباس، پُراعتماد انداز اور باوقار شخصیت نے نہ صرف ریڈ کارپٹ کی رونق بڑھائی بلکہ پاکستانی ثقافت کو بھی عالمی سطح پر نمایاں کر دیا۔

ریڈ کارپٹ پر صنم سعید کی آمد پر شرکا نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا جبکہ اداکارہ نے مسکراتے ہوئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی شرکت کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جنوبی ایشیا کی فنکار خواتین عالمی سینما میں اپنی مضبوط شناخت بنا رہی ہیں۔

اداکارہ اس سال جنوبی ایشیائی خواتین کی فلم اور فنونِ لطیفہ میں خدمات کے اعتراف کے لیے تشکیل دیے گئے خصوصی اعزازی گروپ کا حصہ بھی ہیں۔ تقریب کے دوران انہوں نے پاکستانی سنیما میں خواتین کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی فلمی خدمات کی بنیاد لیجنڈری اداکارہ Shamim Ara جیسی شخصیات نے رکھی، جنہوں نے صنعت کو نئی سمت دی۔

صنم سعید نے اپنے پہلے کانز ایونٹ کے لیے مغربی طرز کے بجائے مکمل مشرقی انداز اپنایا۔ انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر حسین ریہرکے تیار کردہ نیلے رنگ کے کسٹم ملبوسات زیب تن کیے، جن پر نفیس کڑھائی اور روایتی مشرقی فنکاری نمایاں تھی۔ فیشن ناقدین نے اس لباس کو مشرقی ثقافت اور جدید فیشن کا خوبصورت امتزاج قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر بھی صنم سعید کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں مداح ان کے انداز، اعتماد اور پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کو بھرپور سراہ رہے ہیں۔ ناقدین کے مطابق کانز جیسے عالمی پلیٹ فارم پر مشرقی لباس کا انتخاب پاکستان کے فیشن اور فلمی شعبے کے لیے مثبت اور طاقتور پیغام ہے۔