اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں عدالت نے مجرم عمر حیات کو سزائے موت سنادی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے بائیس سالہ عمر حیات کو سزائے موت کے ساتھ بھاری جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ثنا یوسف کے والدین نے فیصلے کو انصاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایسے جرائم کے خلاف ایک مثال ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سترہ سالہ ثنا یوسف کو اسلام آباد میں ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ تفتیش کے مطابق ملزم کو ثنا یوسف کی جانب سے بار بار انکار کا سامنا تھا۔
ثنا یوسف سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز رکھتی تھیں جہاں وہ فیشن، اسکن کیئر اور روزمرہ زندگی سے متعلق ویڈیوز شیئر کرتی تھیں۔ ان کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا جبکہ خواتین کے تحفظ سے متعلق بحث بھی دوبارہ شدت اختیار کرگئی۔
تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوتے دیکھا گیا۔ مقتولہ کی والدہ اور پھوپھی قتل کی عینی شاہد تھیں۔
پاکستان میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں اس کیس کو غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے۔ اس سے قبل قندیل بلوچ اور نور مقدم کے مقدمات بھی ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل کا باعث بنے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


