سلمان خان کے گیلکسی اپارٹمنٹ میں 5 فٹ لمبا سانپ: ریسکیو ٹیم کی ہنگامی کارروائی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع مشہور گیلکسی اپارٹمنٹ5 فٹ لمبا سانپ نکل آیا، جس کے بعد عمارت میں موجود لوگوں میں ہلچل مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی سانپ پکڑنے والا ماہر فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔

رپورٹس کے مطابق، یہ سانپ اپارٹمنٹ کے گراؤنڈ فلور میں دیکھا گیا تھا۔ ریسکیو کرنے والے شخص نے کسی بھی قسم کے حفاظتی آلات یا اوزار کے بغیر، صرف اپنے ہاتھوں کی مدد سے سانپ کو انتہائی مہارت سے قابو کیا۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیور نے پہلے سانپ کا پیچھا کیا، پھر اس کی دم پکڑ کر اسے اپنے ہاتھ پر لپیٹا اور محفوظ طریقے سے ایک بیگ میں بند کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ سانپ زہریلا نہیں تھا، یہی وجہ تھی کہ اسے بغیر کسی اوزار کے پکڑا گیا۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سانپ اپارٹمنٹ کے اندر کیسے داخل ہوا اور اسے پکڑنے کے لیے کس نے ٹیم کو فون کیا تھا۔

واضح رہے کہ سلمان خان کا یہ اپارٹمنٹ اس سے قبل سال 2024 میں اس وقت شدید سرخیوں میں آیا تھا، جب 14 اپریل کی صبح موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے گیلکسی اپارٹمنٹ کے باہر 4 سے 5 راؤنڈ فائرنگ کی تھی۔ اس وقت سلمان خان گھر کے اندر ہی موجود تھے اور اس حملے کی ذمہ داری لورینس بشنوئی گینگ کے انمول بشنوئی نے لی تھی۔