کراچی کے اسکول طلبا کا سائنس کی دنیا میں قدم، میگنیفائی سائنس سینٹر کا دورہ

علم کسی کی میراث نہیں، اسی سوچ کے ساتھ کراچی کے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول جی 5 نیو کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے ٹی ڈی ایف میگنیفائی سائنس سینٹر کا خصوصی دورہ منعقد کیا گیا، جہاں طلبا نے جدید سائنسی ماڈلز، روبوٹکس، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق عملی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ڈی ای او امتیاز حسین انڑ، ڈپٹی ڈی ای او طارق علی خان اور ڈسٹرکٹ اسٹیم ہیڈ کبریٰ شافی کی زیر نگرانی اس مشاہداتی دورے میں اسکول کی ہیڈ مسٹریس غزالہ یاسمین اور اسٹیم فوکل پرسن فضا بتول کی قیادت میں ایک سو بچوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔

دورے کے دوران طالبات نے انٹرایکٹو سائنس گیلریز، آپٹیکل الیوژنز، سائنسی تجربات اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اجسام کا مشاہدہ کیا۔ طالبات نے فزکس، ماحولیات، ریاضی، توانائی اور روبوٹکس سے متعلق عملی سرگرمیوں میں حصہ لے کر نا صرف سیکھنے کے عمل کو دلچسپ بنایا بلکہ سائنسی اصولوں کو عملی زندگی سے جوڑنے کا موقع بھی حاصل کیا۔

اساتذہ کے مطابق اس مشاہداتی سرگرمی سے طلبا میں تخلیقی سوچ، تنقیدی تجسس، تحقیق اور جدید علوم میں دلچسپی کو فروغ ملے گا۔ ان کے ذہنوں میں کئی نئے در وا ہوں گے۔ دورے کے دوران نظم و ضبط، تعاون اور ٹیم ورک کی مثالی فضا برقرار رہی۔

اسکول انتظامیہ نے ٹی ڈی ایف میگنیفائی سائنس سینٹر کی انتظامیہ اور متعلقہ تعلیمی افسران کا کامیاب، معلوماتی اور یادگار تعلیمی دورے کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔