پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قومی ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں اور محمد رضوان کی کپتانی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد ٹیم مینجمنٹ کو محسوس ہوا کہ قومی ٹیم مطلوبہ نتائج نہیں دے پا رہی، جس کے باعث محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ کوچ بنے تو رضوان نہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ تھے اور نہ ہی کپتان تھے۔ ٹیم میں فیصلے ہمیشہ انفرادی کارکردگی اور ٹیم کے مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق بنگلادیش سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جبکہ آئندہ ورلڈکپ کے پیش نظر مزید آپشنز پر غور جاری ہے۔
ہیڈ کوچ نے اعتراف کیا کہ پاور پلے میں رنز بنانے اور وکٹیں لینے کے شعبے میں پاکستان ٹیم گزشتہ ایک سال سے مشکلات کا شکار ہے، جبکہ مڈل اوورز میں اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔


