بھارتی بولر عرشدیپ سنگھ کی انسٹاگرام صفائی: 200 سے زائد پوسٹس ڈیلیٹ

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں پنجاب کنگز کا سفر ختم ہوتے ہی بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اچانک کی جانے والی تبدیلیوں کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

آئی پی ایل سیزن کے دوران اپنی گرل فرینڈ سے متعلق خبروں کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے عرشدیپ سنگھ نے اب اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے 200 سے زائد پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں، جس نے ان کے مداحوں کو شدید تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔

عرشدیپ سنگھ نے 25 مئی کی شب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی یہ ‘صفائی’ کی اور ساتھ ہی اپنی ڈسپلے پکچر (ڈی پی) بھی تبدیل کر دی۔ انہوں نے جن پوسٹس کو اپنے اکاؤنٹ سے ہٹایا ہے، ان میں پنجاب کنگز سے وابستہ تصاویر کے علاوہ اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بنائی گئی ایک انتہائی مقبول ریل بھی شامل ہے، جو 150 ملین (15 کروڑ) سے زائد ویوز حاصل کر چکی تھی۔ اس غیر متوقع اقدام کے بعد اب ان کے اکاؤنٹ پر محض 40 پوسٹس باقی رہ گئی ہیں، جبکہ پنجاب کنگز سے متعلق کچھ پوسٹس اب بھی موجود ہیں۔

عرشدیپ سنگھ کی جانب سے اس اچانک تبدیلی کی کوئی باقاعدہ وجہ سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی انہوں نے اس معاملے پر اب تک کوئی بیان جاری کیا ہے۔ کرکٹ حلقوں اور مداحوں کے درمیان اس حوالے سے چہ می گوئیاں شروع ہو چکی ہیں کہ آیا یہ قدم کسی ذاتی معاملے کا شاخسانہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور بڑی وجہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عرشدیپ سنگھ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں تلک ورما کے ساتھ ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عرشدیپ کو یہ کہتے سنا گیا تھا کہ “یہ اندھیرے، سن اسکرین لگائے گا؟”۔ اس جملے پر بھارت کے سابق کرکٹر لکشمن شیو راماکرشنن نے عرشدیپ سنگھ کی سخت مذمت کی تھی اور بی سی سی آئی سے انہیں آئی پی ایل سے معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

مداحوں کی جانب سے اس اقدام کو آئی پی ایل 2026 میں ان کی اوسط کارکردگی سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ رواں سیزن عرشدیپ سنگھ پنجاب کنگز کے لیے کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے، جہاں انہوں نے 14 میچوں میں 10.21 کی بھاری اکونومی ریٹ سے 541 رنز دے کر صرف 14 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے دیے گئے رنز کی یہ تعداد پنجاب کنگز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر پربھسمرن سنگھ کے مجموعی اسکور سے بھی زیادہ تھی۔