وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے، صدر

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع، قومی خودمختاری اور دفاعی عزم کی علامت ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کے ذریعے پاکستان نے اسٹریٹیجک خودمختاری حاصل کی۔

یوم تکبیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا اور عالمی دباؤ و پابندیوں کے باوجود قومی مفاد کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے کامیاب ایٹمی تجربات نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت کے طور پر مضبوط مقام رکھتا ہے۔

انہوں نے پاکستانی سائنس دانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی غیر معمولی مہارت کا ثبوت ہے۔

صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے جو کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، تاہم اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا گیا اور مستقبل میں بھی کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی، سائبر وارفیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر میدان میں مکمل تیاری اور مہارت رکھتی ہیں جبکہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا۔