وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے جب ملک نے ایٹمی قوت بن کر خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور اپنی قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودمختاری، اتحاد، دفاعِ وطن اور ناقابلِ تسخیر عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، میاں نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند سمیت ایٹمی پروگرام میں شامل سائنسدانوں، انجینئرز اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور مالی پیشکشوں کے باوجود پاکستان نے اپنی قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ بنتا تو دشمن کسی بھی حد تک جا سکتا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر حملے کیے، تاہم پاکستان کی افواج اور قوم نے بنیان مرصوص بن کر دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں، تاہم ملک اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنیان مرصوص کے بعد آپریشن غضب للحق کے ذریعے فتنوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔


