اے آئی سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری کا خطرہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا: اے آئی رہنماؤں کا اعتراف

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی دنیا کی نمایاں شخصیات نے بڑے پیمانے پر بے روزگاری سے متعلق اپنے سابقہ سخت بیانات سے پیچھے ہٹنا شروع کر دیا ہے، جبکہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کو اے آئی کے باعث ممکنہ روزگار بحران پر عوامی ردِعمل اور تنقید کا سامنا ہے۔

این ویڈیاکے چیف ایگزیکٹو جینسین ہوانگ اور اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمیننے حالیہ دنوں میں اعتراف کیا ہے کہ اے آئی سے متعلق بعض خوفناک پیش گوئیاں مبالغہ آمیز تھیں۔

جینسن ہوانگ نے ایک انٹرویو میں ان کمپنی سربراہان کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ملازمتوں میں کمی کا ذمہ دار اے آئی کو قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اے آئی ابھی نئی ٹیکنالوجی ہے، یہ کہنا کہ اس نے پہلے ہی بڑے پیمانے پر نوکریاں ختم کر دی ہیں، حقیقت سے بعید ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بعض کمپنیوں نے ملازمین کی برطرفیوں کو اسمارٹ دکھائی دینے کے لیے اے آئی سے جوڑ دیا، جو عوام کو خوفزدہ کرنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب سیم آلٹمین نے بھی ایک کانفرنس میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اندازہ لگایا تھا کہ اے آئی انٹری لیول وائٹ کالر ملازمتوں پر زیادہ تیزی سے اثر ڈالے گی، لیکن ایسا اب تک نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ نوکریوں کے خاتمے کا عمل کہیں زیادہ تیز ہوگا، مگر حقیقت مختلف نکلی۔

ادھر اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو ایموڈائی نے بھی اپنا مؤقف نرم کرتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں 90 فیصد کام خودکار بھی ہو جائیں تو باقی شعبوں میں انسان زیادہ مؤثر انداز میں کام کرتے رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق کئی بڑی کمپنیوں نے حالیہ مہینوں میں اے آئی کے باعث ملازمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی بینک اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے 2030 تک ہزاروں ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ ظاہر کیا جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے بھی ایک ہزار ملازمین کو فارغ کیا۔

تاہم یورپی مرکزی بینک سمیت بیشتر عالمی معاشی اداروں کا کہنا ہے کہ اب تک مصنوعی ذہانت نے روزگار پر صرف محدود اثرات مرتب کیے ہیں۔

امریکی فیڈرل ریزرو کی گورنر لیزا کُک نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے اصل اثرات ابھی سامنے آنا باقی ہیں اور دنیا آنے والے برسوں میں کام کے نظام کی بڑی تبدیلی دیکھ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اے آئی روزگار کے بعض شعبوں کو متاثر ضرور کرے گی، تاہم ساتھ ہی نئی مہارتوں اور نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔