بنگلا دیش میں ایک البینو (سفید رنگت والا) بھینسا، جسے اس کے سنہری بالوں اور غیر معمولی شکل کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مزاحیہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام دیا گیا تھا، عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربان ہونے سے بچ گیا۔
بنگلا دیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق حکومت نے عید سے بالکل پہلے مداخلت کرتے ہوئے اس بھینسے کو ذبح کرنے سے روک دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جانور کی غیر معمولی شہرت اور اس سے جڑے ممکنہ سکیورٹی خدشات اس فیصلے کی بنیادی وجہ تھے۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً 700 کلو وزنی یہ بھینسا پہلے ہی قربانی کے لیے ایک خریدار کو فروخت کیا جا چکا تھا۔ تاہم عید سے قبل اس جانور کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس میں عوامی دلچسپی غیر معمولی طور پر بڑھ گئی۔
حکومتی حکم کے مطابق بھینسے کو ذبح کرنے کے بجائے اس کی فروخت منسوخ کر دی گئی اور خریدار کو رقم واپس کر دی گئی۔ بعد ازاں جانور کو ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


