کرکٹ ویسٹ انڈیز نے 2026 کے سیزن کے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی اور اگست 2026 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جائے گا، جو اس گراؤنڈ کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔
سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ہی کے تاریخی اسٹیڈیم کوئنز پارک اوول میں منعقد ہوگا۔
یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 سائیکل کا حصہ ہوں گے، جس میں دونوں ٹیمیں قیمتی پوائنٹس کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق یہ سیریز بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ اور شائقین کو دلچسپ مقابلے فراہم کرنے کے لیے اہم تصور کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان ٹیم کے لیے کیریبین کنڈیشنز میں ایک اہم چیلنج ثابت ہوگی۔


