شاہ رخ اور اکشے نے خبردار کیا تھا کہ نشہ مجھے تباہ کر دے گا: ہنی سنگھ کا انکشاف

معروف بھارتی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے اپنے کیریئر کے عروج کے دور میں ذہنی صحت کے مسائل اور ذاتی جدوجہد سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ہنی سنگھ نے بتایا کہ 2011 سے 2014 کے درمیان وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے، لیکن اسی دوران اندرونی طور پر شدید ذہنی دباؤ اور الجھن کا شکار تھے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ شہرت اور دولت نے ان کے رویے اور سوچ کو بری طرح متاثر کیا۔ ان کے مطابق وہ اس وقت خود کو قابو میں نہیں رکھ پا رہے تھے اور اپنی شخصیت میں منفی تبدیلی محسوس کر رہے تھے۔

ہنی سنگھ نے کہا کہ میں خوش نہیں تھا، میں اپنے ہوش میں نہیں تھا۔ میں خود کو خدا سمجھنے لگا تھا اور لوگوں کے ساتھ رویہ بھی بدل گیا تھا۔ میں سمجھتا تھا کہ سب کچھ میں نے خود حاصل کیا ہے۔اس دور میں وہ اپنے فیصلوں اور رویے کے باعث ایک منفی ذہنی کیفیت کا شکار ہو گئے تھے۔

گلوکار نے بالی ووڈ کی بڑی شخصیات کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت کئی سینئر فنکاروں نے انہیں بار بار خبردار کیا تھا کہ ان کا طرزِ زندگی انہیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ہنی سنگھ کے مطابق شاہ رخ خان نے انہیں واضح طور پر کہا تھا کہ یہ سب چیزیں انہیں تباہ کر سکتی ہیں۔