کوشش کریں گے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے: شاہین

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل قومی ٹیم کے بھرپور تیاری اور کامیابی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا ایک خاص موقع ہوگا کیونکہ یہ قومی ٹیم کا ایک ہزارواں ون ڈے میچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور ٹیم چاہتی ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے ذریعے اس موقع کو یادگار بنایا جائے۔

قومی کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہمیشہ سخت اور دلچسپ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیریز کے لیے ٹیم کی تیاریاں اچھی رہی ہیں، ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی اور تمام کھلاڑی ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ قومی اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے، جو ٹیم کی طاقت ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو باہمی ون ڈے سیریز جیتی ہیں جس سے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے، تاہم ہر نئی سیریز ایک الگ چیلنج ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی توجہ تینوں میچز میں تسلسل کے ساتھ اپنی حکمت عملی پر عمل کرنے پر مرکوز ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی بھرپور حمایت کو ٹیم کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مداحوں کی محبت اور سپورٹ کھلاڑیوں کو میدان میں بہترین کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور ٹیم کوشش کرے گی کہ شائقین کو معیاری اور دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے۔