ہالی ووڈ فلموں میں اے آئی استعمال:اداکاروں کی تنظیم اور اسٹوڈیوز میں معاہدہ طے

ہالی ووڈ کے اداکاروں کی سب سے بڑی یونین سیگ – ایفٹرا اور فلمی و اسٹریمنگ اسٹوڈیوز کے درمیان نئے لیبر معاہدے پر پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے متعلق اداکاروں کے تحفظ کے لیے نئی شرائط شامل کی گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد اراکین پر مشتمل سیگ – ایفٹرا کے اراکین اس وقت نئے معاہدے پر ووٹنگ کر رہے ہیں، جبکہ موجودہ معاہدے کی مدت جون کے اختتام پر ختم ہو رہی ہے۔

یونین کے چیف مذاکرات کار ڈنکن کریب ٹری آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ 2023 کی طویل اور تاریخی ہڑتال کے بعد اسٹوڈیوز اور یونینوں کے درمیان تعلقات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ان کے مطابق اس مرتبہ مذاکرات کا ماحول زیادہ تعمیری اور باہمی تعاون پر مبنی رہا، جس کے نتیجے میں دونوں فریق کئی اہم نکات پر اتفاق رائے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

یاد رہے کہ 2023 میں سیگ – ایفٹرا کی 118 روزہ ہڑتال نے ہالی ووڈ کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کو شدید متاثر کیا تھا۔ اس دوران متعدد فلموں اور پروگراموں کی تیاری معطل رہی جبکہ اسٹوڈیوز کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ اس ہڑتال میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے اداکاروں کی تصاویر اور آوازوں کے استعمال کا معاملہ سب سے بڑا تنازع بن کر سامنے آیا تھا۔

نئے معاہدے کے تحت کسی زندہ یا وفات یافتہ اداکار کی ڈیجیٹل نقل (ڈیجیٹل ریپلیکا) بنانے یا استعمال کرنے کے لیے متعلقہ فرد یا اس کے نمائندوں کی باخبر رضامندی اور مناسب معاوضہ لازمی ہوگا۔

معاہدے میں محدود حالات میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ایسے کردار تخلیق کرنے کی اجازت دی گئی ہے جو کسی حقیقی شخص پر مبنی نہ ہوں، تاہم اس کے لیے پروڈکشن کمپنیوں کو یونین کو مطمئن کرنا ہوگا کہ ایسے کردار کے استعمال سے منصوبے کو نمایاں اضافی فائدہ حاصل ہوگا۔

یونین کے مطابق اگرچہ یہ شق مصنوعی ذہانت کے استعمال پر مکمل پابندی عائد نہیں کرتی، لیکن اس سے کمپنیوں کے لیے اے آئی کے غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

ڈنکن کریب ٹری آئرلینڈ نے کہا کہ اگرچہ اداکار 2023 کے مقابلے میں خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں، تاہم جنریٹو اے آئی ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باعث ان کے خدشات اب بھی برقرار ہیں۔

نئے معاہدے پر ووٹنگ 4 جون تک جاری رہے گی اور منظوری کی صورت میں ہالی ووڈ ایک اور ممکنہ صنعتی تنازع اور ہڑتال سے بچ جائے گا۔