پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 1000 میچز مکمل کرنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا ون ڈے قومی ٹیم کی تاریخ کا 1000واں ون ڈے میچ تھا۔ اس سے قبل صرف بھارت اور آسٹریلیا ہی ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار یا اس سے زائد میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکی تھیں۔
پاکستان کے ون ڈے سفر پر نظر ڈالیں تو قومی ٹیم نے اپنے پہلے 999 میچز میں 527 فتوحات حاصل کیں، جبکہ 442 مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے 9 ون ڈے میچز ٹائی ہوئے، جبکہ 12 میچز مختلف وجوہات کی بنا پر بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
وپاکستان نے اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 1973 میں کھیلا تھا اور گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران عالمی کرکٹ میں متعدد یادگار کامیابیاں سمیٹتے ہوئے اب 1000 ون ڈے میچز کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔


