آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی رواں برس جون کے بجائے 2027 فروری میں ہوگی

احمد آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا میں ہونے والی افتتاحی ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کے شیڈول میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اب جون جولائی کے بجائے 14 سے 28 فروری 2027 تک کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی بورڈ نے اپنے سہ ماہی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا، تاہم شیڈول میں تبدیلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ اس کے علاوہ آئی سی سی نے ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کو 10 ٹیموں تک توسیع دینے کی بھی منظوری دی ہے۔

بورڈ نے پاکستان میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے کوالیفکیشن نظام کی بھی توثیق کر دی۔ ایونٹ میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں 10 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ باقی دو ٹیمیں عالمی کوالیفائر کے ذریعے جگہ بنائیں گی۔

دوسری جانب آئی سی سی نے گورننس سے متعلق سنگین خلاف ورزیوں پر کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کر دی ہے، تاہم کینیڈین قومی ٹیموں کو آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کی اجازت برقرار رہے گی۔

آئی سی سی نے خراب روشنی سے متاثر ہونے والے ٹیسٹ میچز میں سرخ گیند کی جگہ گلابی گیند استعمال کرنے کے تجرباتی منصوبے کی بھی منظوری دی ہے۔