آپ اپنے فون کی بیٹری جلد ختم ہونے سے پریشان ہیں تو یہ 6 غلطیاں فوراً ٹھیک کرلیں

اسمارٹ فون آج ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ بینکنگ، سوشل میڈیا، آن لائن تعلیم، خریداری اور تفریح سمیت بے شمار کاموں کے لیے لوگ اپنے فون پر انحصار کرتے ہیں۔ تاہم اکثر صارفین اس بات کی شکایت کرتے ہیں کہ ان کے فون کی بیٹری بہت جلد ختم ہو جاتی ہے یا پہلے کے مقابلے میں کم بیک اپ دیتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ ہمیشہ بیٹری کی خرابی نہیں ہوتی بلکہ صارفین کی بعض روزمرہ عادات بھی اس مسئلے کا سبب بنتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فون کی اسکرین بیٹری استعمال کرنے والے سب سے بڑے حصوں میں شامل ہے۔ اگر صارف ہر وقت اسکرین کی برائٹنس 100 فیصد پر رکھتا ہے تو بیٹری تیزی سے خرچ ہوتی ہے۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے آٹو برائٹنس فیچر استعمال کرنا یا ضرورت کے مطابق اسکرین کی روشنی کم رکھنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی طرح کئی موبائل ایپس ایسی ہوتی ہیں جو فون استعمال نہ ہونے کے باوجود پس منظر (بیک گراؤنڈ) میں مسلسل چلتی رہتی ہیں۔ یہ ایپس انٹرنیٹ، لوکیشن اور دیگر وسائل استعمال کرتی ہیں جس کے باعث بیٹری پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ ماہرین غیر ضروری ایپس کو بند کرنے اور ان کی بیک گراؤنڈ سرگرمیوں کو محدود رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

جی پی ایس، بلوٹوتھ اور وائی فائی جیسے فیچرز کو ہر وقت آن رکھنا بھی بیٹری کی کھپت بڑھا دیتا ہے۔ اگر ان فیچرز کی فوری ضرورت نہ ہو تو انہیں بند رکھنا بہتر ہے، جس سے نہ صرف بیٹری بچتی ہے بلکہ فون کی مجموعی کارکردگی بھی بہتر رہتی ہے۔

سوشل میڈیا، گیمنگ اور شاپنگ ایپس کی مسلسل نوٹیفکیشنز بھی بیٹری استعمال کرتی ہیں۔ ہر نوٹیفکیشن کے ساتھ اسکرین روشن ہوتی ہے اور پروسیسر متحرک ہو جاتا ہے۔ اس لیے غیر ضروری ایپس کی نوٹیفکیشنز بند کر دینا بیٹری بیک اپ بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین غلط چارجنگ عادات کو بھی بیٹری کی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہیں۔ فون کو بار بار صفر فیصد تک ڈسچارج ہونے دینا یا پوری رات چارجنگ پر لگائے رکھنا بیٹری کی عمر کم کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بیٹری کو عموماً 20 سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ معیاری چارجر اور کیبل کا استعمال بھی ضروری ہے۔

سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کو نظر انداز کرنا بھی بیٹری کی کارکردگی متاثر کر سکتا ہے۔ موبائل کمپنیاں اکثر نئے اپ ڈیٹس میں بیٹری آپٹیمائزیشن اور کارکردگی بہتر بنانے والے فیچرز شامل کرتی ہیں، اس لیے فون کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چند سادہ احتیاطی تدابیر اپنا کر نہ صرف فون کی بیٹری کا بیک اپ بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ اس کی مجموعی عمر بھی طویل کی جا سکتی ہے۔ اسکرین برائٹنس کو متوازن رکھنا، غیر ضروری ایپس حذف کرنا، ضرورت نہ ہونے پر لوکیشن اور بلوٹوتھ بند کرنا اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس انسٹال کرنا بیٹری کی بہتر کارکردگی کے لیے انتہائی اہم اقدامات ہیں۔