آئرلینڈ کا بڑا اقدام: 2 اسرائیلی وزراء پرملک میں داخلے پر پابندی

آئرلینڈ نے اسرائیل کے دو انتہائی متشدد وزرا اتیمار بین گویر اور بیزالیل اسموٹریچ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن کے بیانات کے بعد سامنے آیا، جنہوں نے کہا کہ دونوں وزراء کے فلسطینیوں کے بارے میں مسلسل بیانات اور رویے ناقابل قبول ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق مائیکل مارٹن نے خاص طور پر غزہ امدادی فلوٹیلا کے کارکنوں کی اسرائیلی حراست کے دوران بن گویر کے رویے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتیمار بین گویر اور بیزالیل اسموٹریچ کے بیانات فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مٹانے کی خواہش کی عکاسی کرتے ہیں۔

آئرش وزارتِ انصاف نے امیگریشن حکام کو ہدایت دی ہے کہ اگر اتیمار بین گویر اور بیزالیل اسموٹریچ آئرلینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کریں تو انہیں ملک میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

یہ دونوں اسرائیلی وزراء پہلے بھی بین الاقوامی تنقید کا سامنا کر چکے ہیں۔ گزشتہ برس برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ناروے نے ان پر پابندیاں عائد کی تھیں، جبکہ حالیہ ہفتوں میں فرانس نے بھی بن گویر کے داخلے پر پابندی لگائی تھی۔

اس اقدام سے آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان پہلے سے موجود سفارتی کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب آئرلینڈ فلسطینی ریاست کی حمایت اور غزہ جنگ کے حوالے سے اسرائیلی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتا رہا ہے۔