آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدینے پچز کے حوالے سے اپنی ٹیم کی حکمت عملی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر میزبان ٹیم کو اپنے حالات کے مطابق وکٹیں تیار کرنے کا حق حاصل ہے اور پاکستان بھی اسی اصول پر عمل کر رہا ہے۔
لاہور مٰں پریس کانفرنس کے دوران شاہین آفریدی نے کہا کہ ہر ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایسی پچز تیار کرتی ہے جو اس کے لیے فائدہ مند ہوں۔ جب پاکستان نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تو وہاں گرین اور باؤنس والی وکٹوں پر کھیلنا پڑا، اس لیے پاکستان آسٹریلیا کو یہاں ویسی ہی وکٹیں پیش نہیں کی جاسکتیں کیونکہ میزبان ٹیم کا بنیادی مقصد کامیابی حاصل کرنا ہوتا ہے۔
کپتان نے کہا کہ حالیہ سیریز کی وکٹیں بیٹرز کے لیے آسان نہیں تھیں اور ان پر رنز بنانا یا طویل اننگز کھیلنا ایک چیلنج تھا۔ تاہم پاکستان ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں آئندہ مختلف نوعیت کی پچز بھی تیار کرے گا تاکہ کھلاڑی مختلف حالات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
شاہین آفریدی نے شاداب خان کی ٹیم میں موجودگی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر مسلسل تنقید کی جاتی رہی، لیکن مشکل حالات میں میچ جتوانے کی صلاحیت تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہی ہوتی ہے۔
پاکستانی ٹیم اب تقریباً ڈیڑھ ماہ کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورے پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، جس کے بعد انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ بعد ازاں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کا مکمل دورہ کرے گی، جبکہ قومی ٹیم کی اگلی وائٹ بال مصروفیات متوقع طور پر اکتوبر یا نومبر میں ہوں گی۔


