ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا بڑا فیصلہ، ہزاروں قیدیوں کو معافی

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے دو ہزار سے زائد قیدیوں کی سزاؤں میں معافی اور کمی کی منظوری دے دی ہے۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ اقدام ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای کی سفارش پر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر کی منظوری کے بعد بیشتر قیدیوں کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے گا، جبکہ بعض دیگر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی جائے گی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مختلف قانونی اور انسانی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔

ایران میں گزشتہ برس دسمبر سے معاشی بحران، مہنگائی اور عوامی بے چینی کے باعث ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے دوران ہزاروں افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حالیہ معافی میں سکیورٹی سے متعلق جرائم، جاسوسی اور ریاستی سلامتی کے خلاف مقدمات میں سزا پانے والے افراد شامل نہیں ہیں۔

مبصرین کے مطابق ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کو طویل عرصے سے جاری امریکی پابندیوں اور اندرونی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث عوامی دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔