گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، جہاں 24 نشستوں پر 400 سے زائد امیدوار اپنی سیاسی قسمت آزما رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں، جبکہ پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
صوبے کے تمام اضلاع میں ووٹرز کے لیے 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 488 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل، 349 کو حساس اور 551 کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، جہاں اضافی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابی عمل میں مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 396 مرد اور 8 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی 23 امیدواروں کے ساتھ سب سے نمایاں ہے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 22 امیدوار میدان میں ہیں۔ استحکامِ پاکستان پارٹی نے 15، پاکستان مسلم لیگ نے 11 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 9 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے 7 جبکہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6، 6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے قسمت آزما رہے ہیں۔
پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز کا رخ کرتی دکھائی دی۔ کئی مقامات پر ووٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ خواتین ووٹرز کی بھی بھرپور شرکت دیکھنے میں آرہی ہے۔
الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے متحرک ہیں، جبکہ نتائج کے لیے ووٹرز اور سیاسی جماعتوں میں بے چینی اور دلچسپی پائی جا رہی ہے۔


