لمبی عمر کا راز: ہفتے میں 2 گھنٹے پٹھے مضبوط بنانے والی ورزش

ایک نئی بین الاقوامی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے صرف چہل قدمی یا دوڑ کافی نہیں بلکہ طاقت بڑھانے والی ورزشیں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کارڈیو اور اسٹرینتھ ٹریننگ کا امتزاج قبل از وقت موت کے خطرات میں نمایاں کمی لا سکتا ہے۔

تحقیق کے دوران تقریباً 30 سال تک ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد کے طبی اور ورزشی ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے پایا کہ جو افراد ہفتے میں 90 سے 120 منٹ تک ویٹ ٹریننگ یا دیگر مزاحمتی ورزشیں کرتے تھے، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 13 فیصد کم تھا۔

تحقیق کے مطابق یہی مقدار دل کی بیماریوں سے موت کے خطرے میں 19 فیصد اور اعصابی بیماریوں سے موت کے خطرے میں 27 فیصد تک کمی سے بھی منسلک پائی گئی۔

ماہرین نے یہ بھی دریافت کیا کہ سب سے کم شرحِ اموات ان افراد میں دیکھی گئی جو باقاعدہ ایروبک ورزشوں، جیسے واکنگ، دوڑ یا سائیکلنگ، کے ساتھ ہفتے میں 60 سے 119 منٹ تک طاقت بڑھانے والی ورزشیں بھی کرتے تھے۔

تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ کارڈیو ورزش دل، پھیپھڑوں اور خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے جبکہ ویٹ ٹریننگ پٹھوں کی مضبوطی، جسمانی ساخت اور شوگر کے بہتر استعمال میں مدد دیتی ہے۔ دونوں اقسام کی ورزشیں مل کر جسم کو زیادہ مؤثر انداز میں بیماریوں سے بچاتی ہیں۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ نئی ورزش شروع کرنے والے افراد خصوصاً ویٹ ٹریننگ کے لیے کسی ماہر ٹرینر یا فٹنس انسٹرکٹر کی رہنمائی حاصل کریں تاکہ چوٹوں سے بچا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل ہوں۔