بالی ووڈ اداکارہ مدھو (مدھو شاہ) نے فلم یشونت کی شوٹنگ سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک منظر کی عکس بندی کے دوران اداکارناناپاٹیکر نے انہیں حقیقت میں تھپڑ مار دیا تھا، جس کے جواب میں انہوں نے بھی نانا پاٹیکر کو واقعی تھپڑ رسید کر دیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مدھو شاہ نے بتایا کہ فلم کے ایک جذباتی منظر میں انہیں رونا تھا۔ وہ آنسو لانے کے لیے گلیسرین استعمال کرنا چاہتی تھیں، تاہم نانا پاٹیکر اس کے حق میں نہیں تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ اداکار کو مصنوعی ذرائع کے بجائے کردار کے جذبات کو محسوس کرکے قدرتی انداز میں اداکاری کرنی چاہیے۔
مدھو کے مطابق ریہرسل کے دوران نانا پاٹیکر نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا تھا، لیکن اصل شاٹ کے وقت انہوں نے اچانک انہیں حقیقی تھپڑ مار دیا۔ اس غیر متوقع حرکت سے مدھو کی آنکھوں میں فوراً آنسو آ گئے، تاہم وہ شدید غصے میں بھی آ گئیں اور ردعمل میں انہوں نے نانا پاٹیکر کو بھی حقیقی تھپڑ مار دیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ یہ فلم کا ایک اہم منظر تھا اور ہدایتکار انیل مٹو نے اس کی شوٹنگ کے لیے پورا دن مختص کیا تھا، لیکن منظر اتنا فطری بن گیا کہ نصف دن میں ہی مکمل ہو گیا۔
مدھو شاہ نے واضح کیا کہ اس واقعے کے باوجود نانا پاٹیکر نے کبھی ان کی بے عزتی نہیں کی۔ ان کے بقول نانا اپنے فن کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ اور سخت مزاج ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اداکار اپنے کردار میں پوری طرح ڈوب جائیں۔ نانا پاٹیکر کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہوں نے میتھڈ ایکٹنگ کے کئی اہم پہلو سیکھے۔


