آپ کا موبائل بار بار گرم کیوں ہوتا ہے؟ اپنی یہ غلطیاں فوراً چھوڑ دیں

اسمارٹ فون آج ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے، تاہم اس کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ایک مسئلہ بھی تیزی سے عام ہو رہا ہے اور وہ ہے موبائل فون کا بار بار گرم ہونا۔ خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں صارفین کو اس پریشانی کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین کے مطابق طویل وقت تک گیمز کھیلنا، ہائی کوالٹی ویڈیوز بنانا، بیک وقت کئی ایپس چلانا اور مصنوعی ذہانت (اےآئی) پر مبنی فیچرز کا مسلسل استعمال فون کے پروسیسر اور بیٹری پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے، جس کے باعث ڈیوائس گرم ہونے لگتی ہے۔

اسی طرح 5جی نیٹ ورک، ہائی ریفریش ریٹ ڈسپلے، غیر معیاری چارجرز اور تیز دھوپ میں فون کا استعمال بھی اوور ہیٹنگ کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ایسے ایپس جو غیر ضروری طور پر بیک گراؤنڈ میں چل رہے ہوں انہیں بند کر دیا جائے۔ اگر 5جی یا 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کی ضرورت نہ ہو تو انہیں کم کر کے بیٹری اور پروسیسر پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح پرفارمنس موڈ اور گیم موڈ کا مسلسل استعمال بھی فون کے درجہ حرارت میں اضافہ کرتا ہے، اس لیے ضرورت نہ ہونے پر ان فیچرز کو بند رکھنا بہتر ہے۔

فون گرم ہونے کی ایک بڑی وجہ چارجنگ کے دوران اس کا استعمال بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق جب صارف چارجنگ کے دوران ویڈیوز دیکھتا، گیم کھیلتا یا کال پر بات کرتا ہے تو بیٹری اور پروسیسر دونوں ایک ساتھ زیادہ کام کرتے ہیں، جس سے درجہ حرارت تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔

مزید یہ کہ فون کو براہِ راست دھوپ، گاڑی کے ڈیش بورڈ یا گرم جگہوں پر رکھنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اسکرین کی روشنی ضرورت کے مطابق رکھنا اور ہمیشہ اصل (اوریجنل) چارجر استعمال کرنا بھی اوور ہیٹنگ سے بچنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اگر فون غیر معمولی حد تک گرم ہو جائے تو اس کا کور ہٹا دیں، غیر ضروری ایپس بند کر دیں، کچھ دیر کے لیے فون کا استعمال روک دیں اور اسے ٹھنڈی یا سایہ دار جگہ پر رکھ دیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چند آسان احتیاطی تدابیر اختیار کرکے نہ صرف فون کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ اس کی عمر بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔