اکاؤنٹ میں راتوں رات 294 کروڑ روپے آگئے، غریب پلمبر خوشی سے زیادہ پریشان

بھارت میں ایک غریب پلمبر اس وقت حیرت اور پریشانی کا شکار ہو گیا جب اس کے بینک اکاؤنٹ میں اچانک سینکڑوں کروڑ روپے ظاہر ہو گئے۔ چند لمحے پہلے تک جس شخص کے اکاؤنٹ میں صرف 113 روپے موجود تھے، وہ خود کو 294 کروڑ روپے کا مالک دیکھ کر ششدر رہ گیا۔

ریاست بہار کے ضلع گیا سے تعلق رکھنے والے وکاس کمار روزمرہ مزدوری کرکے گزر بسر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے حال ہی میں اپنے اکاؤنٹ سے معمول کی رقم نکلوائی تھی اور بیلنس صرف 113 روپے رہ گیا تھا، لیکن اگلی صبح جب انہوں نے اکاؤنٹ چیک کیا تو رقم کروڑوں میں نظر آئی۔

وکاس کمار نے پہلے تو اسے کسی غلطی کا نتیجہ سمجھا، تاہم دوسرے اے ٹی ایم سے بیلنس چیک کرنے پر بھی یہی رقم ظاہر ہوئی۔ حیران کن بات یہ تھی کہ چند گھنٹوں میں اکاؤنٹ میں موجود رقم 94 کروڑ سے بڑھ کر 294 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔

اتنی بڑی رقم دیکھ کر جہاں عام آدمی خوشی سے نہال ہو سکتا تھا، وہیں وکاس کمار خوفزدہ ہو گئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ اگر انہوں نے رقم استعمال کی تو بعد میں کسی قانونی یا مالی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے رقم کو ہاتھ لگانے کے بجائے مقامی عمائدین اور پھر پولیس کو اطلاع دے دی۔

پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بینک ریکارڈ، ٹرانزیکشن لاگز اور دیگر تکنیکی معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ رقم کسی بینکاری غلطی، سسٹم کی خرابی یا ممکنہ فراڈ کے نتیجے میں اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔

وکاس کمار کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام پلمبر ہیں اور ان کے لیے اتنی بڑی رقم کا مالک ہونا ناقابلِ یقین بات ہے۔ ان کے بقول لوگ عموماً پیسے ملنے پر خوش ہوتے ہیں، لیکن ان کے اکاؤنٹ میں آنے والی اس غیرمعمولی رقم نے انہیں خوشی کے بجائے شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔