اہم ترین

موبائل سگنل زور زور سے بولنے سے واپس نہیں آتے: جانیں آسان حل

موبائل فون آج روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے، تاہم اکثر صارفین کو کمزور نیٹ ورک یا اچانک نو سگنل جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ زور زور سے بولنے یا فون کو اونچا اٹھانے سے سگنل بہتر ہو جاتے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔

ماہرین کے مطابق موبائل نیٹ ورک کا تعلق آواز کی شدت سے نہیں بلکہ فون اور موبائل ٹاور کے درمیان ریڈیو سگنلز کے تبادلے سے ہوتا ہے۔ اس لیے اونچی آواز میں بات کرنے یا چیخنے سے سگنل مضبوط نہیں ہوتے۔

درحقیقت جب کوئی کال کی جاتی ہے یا انٹرنیٹ استعمال کیا جاتا ہے تو فون قریبی موبائل ٹاور سے رابطہ قائم کرتا ہے اور معلومات مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے مطلوبہ شخص یا سرور تک پہنچتی ہیں۔

نیٹ ورک کمزور ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں اونچی عمارتیں، موٹی دیواریں، بیسمنٹ، خراب موسم، موبائل ٹاور سے زیادہ فاصلہ یا ایک ہی وقت میں زیادہ صارفین کا نیٹ ورک استعمال کرنا شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فون میں بار بار نیٹ ورک کا مسئلہ پیش آئے تو ڈیوائس کو ری اسٹارٹ کرنا، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ رکھنا، سم کارڈ تبدیل کرنا اور ضرورت پڑنے پر 5 جی کے بجائے 4 جی استعمال کرنا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر یا دفتر میں کمزور سگنل کی صورت میں وائی فائی کالنگ کا فیچر بھی بہتر متبادل فراہم کرتا ہے۔

پاکستان