دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے۔ اس فیچر کا مقصد نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے مشکوک پیغامات کے بارے میں صارفین کو پہلے ہی خبردار کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہونے والا یہ فیچر اس وقت فعال ہوگا جب کسی ایسے نمبر سے پیغام موصول ہوگا جو صارف کی رابطہ فہرست میں شامل نہیں ہوگا۔
نئے فیچر کے تحت چیٹ کھولنے سے پہلے ایک وارننگ اسکرین ظاہر ہوگی، جس میں صارف کو بتایا جائے گا کہ یہ نمبر کس ملک میں رجسٹرڈ ہے اور آیا یہ نمبر کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ کا حصہ ہے یا نہیں۔
وارننگ پیغام میں صارفین کو آگاہ کیا جائے گا کہ اسکیمرز ذاتی معلومات، پاس ورڈز یا رقم حاصل کرنے کے لیے دھوکہ دہی کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ صارف کو دو آپشنز چیٹ جاری رکھیں یا چیٹ منسوخ کریں ، دیے جائیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر آن لائن فراڈ اور فشنگ حملوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ حالیہ برسوں میں نامعلوم نمبروں کے ذریعے دھوکہ دہی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب واٹس ایپ صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مزید کئی فیچرز پر بھی کام کر رہا ہے، جن میں ہوم اسکرین کے لیے وائس نوٹ ویجیٹ اور آئی فون صارفین کے لیے ویو ونس ٹیکسٹ میسج فیچر شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ کے یہ نئے اقدامات صارفین کی رازداری اور آن لائن تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔











