شادی زندگی کا ایک اہم فیصلہ ہے، لیکن بعض اوقات خاندان یا حالات کے دباؤ میں طے ہونے والے رشتوں میں ایک فریق پوری طرح ذہنی طور پر تیار نہیں ہوتا۔ شادی سے پہلے کچھ رویے ایسے ہوتے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کر سکتے ہیں کہ پارٹنر اس فیصلے سے مطمئن نہیں۔
شادی میں دلچسپی یا خوشی کا اظہار نہ کرنا
اگر ہونے والا شریکِ حیات شادی کی تیاریوں، مستقبل کے منصوبوں یا اس نئے سفر کے حوالے سے کوئی جوش نہیں دکھاتا تو یہ ایک قابلِ غور بات ہو سکتی ہے۔
اہم فیصلوں کو مسلسل ٹالتے رہنا
اگر پارٹنر شادی کی تاریخ، تیاریوں یا ضروری معاملات پر بات کرنے سے بچتا ہے اور فیصلے بار بار مؤخر کرتا ہے تو ممکن ہے وہ ذہنی طور پر ابھی تیار نہ ہو۔
جذباتی فاصلے کا محسوس ہونا
رشتے میں جذباتی وابستگی بہت اہم ہوتی ہے۔ اگر شادی قریب ہو لیکن پارٹنر کی طرف سے محبت، دلچسپی یا قربت کم محسوس ہو تو اس پر سنجیدگی سے بات کرنا ضروری ہے۔
بات چیت سے گریز کرنا
عام طور پر شادی سے پہلے جوڑے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنا اور بات چیت کرنا پسند کرتے ہیں۔ اگر پارٹنر مسلسل رابطے سے بچ رہا ہو یا گفتگو میں دلچسپی نہ لے تو یہ رشتے کے لیے منفی اشارہ ہو سکتا ہے۔
ہر بات پر تنازع یا رشتہ ختم کرنے کی بات کرنا
اختلافات ہر رشتے میں ہوتے ہیں، لیکن اگر معمولی باتوں پر بار بار جھگڑا ہو یا پارٹنر ہر مسئلے پر علیحدگی کی بات کرے تو اس کی وجہ جاننا ضروری ہے۔
رشتے میں کسی بھی قسم کی الجھن یا دباؤ کو خاموشی سے برداشت کرنے کے بجائے کھل کر بات کرنا بہتر ہوتا ہے۔ شادی سے پہلے دونوں افراد کی رضامندی، ذہنی آمادگی اور خوشی ایک مضبوط رشتے کی بنیاد بنتی ہے۔











