اہم ترین

حج 2027 رجسٹریشن: 3 روز میں 80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

وفاقی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2027 کے لیے گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور ابتدائی تین دنوں میں رجسٹرڈ عازمینِ حج کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ جدید حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کرانے والوں میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں۔ کراچی سے روانگی کے خواہشمند عازمین کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے روانگی مراکز بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ رجسٹرڈ عازمین کی اکثریت 25 سے 50 سال عمر کے افراد پر مشتمل ہے، جسے ایک خوش آئند رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اعتبار سے رجسٹرڈ افراد میں ایک ہزار پی ایچ ڈی، 17 ہزار ماسٹرز، 21 ہزار بیچلرز اور 12 ہزار ایف اے تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم سرکاری تعطیلات کے دوران بھی جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مقررہ مدت میں اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔

ترجمان نے مزید واضح کیا کہ حج 2027 کے اخراجات، پیکجز اور دیگر انتظامی تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی، جبکہ فی الحال صرف لازمی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

پاکستان