اہم ترین

وینزویلا میں 126 سال کے دوران شدید ترین زلزلہ، عالمی امداد کی پیشکشیں

وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد دنیا کے متعدد ممالک نے متاثرہ ملک کو فوری امداد کی پیشکش کر دی ہے۔ حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 200 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ وینزویلا کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ وینزویلا میں آنے والے دونوں زلزلے انتہائی تباہ کن تھے اور ضرورت پڑنے پر امریکہ فوری امداد فراہم کرے گا۔

لاطینی امریکا کے متعدد ممالک نے بھی وینزویلا کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے۔ برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈی سلوا نے کراکس میں برازیلی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لے اور ممکنہ امدادی اقدامات کے لیے رابطے میں رہے۔

پاکستان اور بھارت نے بھی وینزویلا کے عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ہلاک افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ بھارت ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

اقوام متحدہ نے بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا کہ ادارہ وینزویلا کے عوام کی مدد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز سے رابطہ کیا ہے اور متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق بدھ کو آنے والے طاقتور زلزلے کو 1900 کے بعد سے وینزویلا کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دارالحکومت کراکس کے قریب کئی عمارتیں منہدم ہوئیں، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے باعث شہریوں میں خوف پایا جا رہا ہے جبکہ ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔۔

پاکستان