اہم ترین

مجبور کیا تو سارے حقائق اور شواہد عوام کے سامنے لے آؤں گی: مومنہ اقبال

اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی اور پُراسرار پیغام جاری کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ اگر حالات نے انہیں مجبور کیا تو وہ حالیہ معاملات سے متعلق تمام حقائق اور شواہد عوام کے سامنے رکھنے سے گریز نہیں کریں گی۔

اداکارہ نے اپنی بہن رمشا اقبال کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ چند برس ان اور ان کے خاندان کے لیے انتہائی کٹھن ثابت ہوئے۔ ان کے مطابق انہوں نے متعدد ناانصافیوں کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود خاموش رہنے کو ترجیح دی کیونکہ وہ اپنی نجی زندگی کو عوامی بحث کا موضوع نہیں بنانا چاہتی تھیں۔

مومنہ اقبال نے اپنے مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے انتقال کو دو سال گزر چکے ہیں، اور اس کے بعد سے ان کا خاندان مسلسل مختلف آزمائشوں اور مشکلات سے گزر رہا ہے۔

اپنے بیان میں اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر بعض افراد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے ہر چیز کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے، لیکن حقیقت ہمیشہ ایک نہ ایک دن سامنے آ ہی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ معاملات اس نہج تک نہیں پہنچیں گے کہ انہیں تمام شواہد عوام کے سامنے پیش کرنا پڑیں، تاہم اگر ضرورت پیش آئی تو وہ مکمل حقیقت بیان کریں گی۔ایک ایک کا بتاؤں گی، ان شاء اللہ، میرا گواہ اللہ ہے۔

اگرچہ اداکارہ نے اپنے بیان میں کسی مخصوص شخص یا حالیہ واقعے کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے الفاظ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، اور صارفین اس بیان کے پس منظر سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ فی الحال مومنہ اقبال نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

پاکستان