فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں منگل کو دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور مصر کے درمیان ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ کھیلا جائے گا، جہاں عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی اور محمد صلاح پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
ارجنٹائن نے گزشتہ مرحلے میں ورلڈ کپ میں پہلی بار شریک ہونے والی کیپ وردے کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اس میچ میں فیصلہ کن گول کیپ وردے کے کھلاڑی ڈائنی بورجس کے اپنے ہی گول کی بدولت ہوا۔
ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے کہا کہ مصر ایک مضبوط اور منظم ٹیم ہے، جس کے پاس تجربہ کار کھلاڑی اور بہترین کوچ موجود ہیں۔ انہوں نے محمد صلاح کو عالمی معیار کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک خوشگوار چیلنج ہوتا ہے۔
اسکالونی نے تصدیق کی کہ 39 سالہ لیونل میسی مکمل فٹ ہیں اور مصر کے خلاف میچ میں آغاز سے میدان میں اتریں گے، حالانکہ انہوں نے گزشتہ میچ میں پورے 120 منٹ کھیل کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
گولڈن بوٹ کی دوڑ بھی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جہاں لیونل میسی، کائلیان ایمباپے اور ارلنگ ہالینڈ سات، سات گول کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں، تاہم دو اسسٹ کی بدولت ایمباپے فی الحال پہلے نمبر پر ہیں۔ میسی ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی گولز کے اعتبار سے بھی ایمباپے سے ایک گول آگے ہیں۔
دوسری جانب مصر نے آخری 32 کے مرحلے میں آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مصری کپتان محمد صلاح نے اب تک چار میچوں میں صرف ایک گول کیا ہے، تاہم کوچ حسام حسن کو امید ہے کہ ان کی ٹیم دفاعی چیمپئن کے خلاف بہتر کھیل پیش کرے گی۔
حسام حسن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم ہر حریف کے خلاف یکساں تیاری کرتی ہے اور ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔
ادھر ایک اور پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کی ناقابلِ شکست ٹیمیں وینکوور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ کولمبیا کی ٹیم لوئس ڈیاز اور جیمز روڈریگیز جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کی مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ 1954 کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی کوشش کرے گا۔
اس سے قبل اسپین، فرانس، ناروے، انگلینڈ، بیلجیم اور مراکش کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ پیر کو اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ سفر کا اختتام کر دیا، جبکہ بیلجیم نے میزبان امریکہ کو 1-4 سے ہرایا۔ اس شکست کے بعد امریکہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا اور یوں تینوں میزبان ممالک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو ورلڈ کپ سے خارج ہو چکے ہیں۔











