اہم ترین

بلاول کا آزاد کشمیر کے معاملے پر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے معاملے پر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ اس کمیشن میں سزا و جزا کے ساتھ حقائق کو سامنے لایا جائے۔

مظفرآباد میں پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی انتخابات سے پیچھے نہیں ہٹتی۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ گلگت بلتستان میں کامیابی کے بعد موجودہ حالات کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر میں اسی جذبے سے انتخابی مہم نہیں چلا سکے گی، مگر یہ ان کی غلط فہمی ثابت ہوئی۔ چاہے حالات جیسے بھی ہوں، میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

گزشتہ ماہ سے آزاد جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال ہر پاکستانی اور ہر کشمیری کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ کوئی بھی ایسے حالات نہیں دیکھنا چاہتا۔ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو نا صرف پاکستان کی ساکھ متاثر ہوگی بلکہ کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مسائل کا حل سیاسی مکالمے، دانشمندی اور عوامی اعتماد کے ذریعے نکالا جائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ‏جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا، وہاں ہمارا خون بہے گا۔ جہاں ہماری کشمیری ماؤں اور بہنوں کی آنکھوں سے آنسو گریں گے، وہاں ہماری آنکھوں سے خون کے آنسو بہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ایک بااختیار آزاد جموں و کشمیر ہے، جہاں حقِ حاکمیت صرف کشمیری عوام کا ہو اور ہر فیصلہ ان کی مرضی، امنگوں اور مفاد کے مطابق کیا جائے۔ ہم ایک ایسا آزاد جموں و کشمیر چاہتے ہیں جہاں عوام کی آواز ہی اصل طاقت ہو۔

پاکستان