اہم ترین

ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر نے امریکا اور کینیڈا کو لپیٹ میں لے لیا

امریکا اور کینیڈا کے بڑے حصوں میں شدید گرمی کی ریکارڈ توڑ لہر جاری ہے، جس کے باعث ایک کروڑ نہیں بلکہ 10 کروڑ سے زائد افراد کو شدید گرمی کے الرٹس کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق “ہیٹ ڈوم” نامی موسمیاتی نظام کے باعث امریکا کے مغربی علاقوں سے شروع ہونے والی شدید گرمی کی لہر اب مشرقی ریاستوں اور کینیڈا تک پھیل چکی ہے۔ اس دوران کئی علاقوں میں درجہ حرارت نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

امریکی ریاست مونٹانا کے شہر بلنگز میں درجہ حرارت 111 ڈگری فارن ہائٹ (44 ڈگری سینٹی گریڈ) تک پہنچ گیا، جہاں اس سے قبل ریکارڈ 108 ڈگری فارن ہائٹ تھا۔ اسی طرح سالٹ لیک سٹی میں درجہ حرارت 109 ڈگری فارن ہائٹ ریکارڈ کیا گیا، جو سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔

شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث امریکا کے شمالی علاقوں اور کینیڈا کے اونٹاریو صوبے میں جنگلاتی آگ بھی بھڑک اٹھی ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی امریکا میں بھی خطرناک حد تک گرم موسم داخل ہو رہا ہے، جہاں ورجینیا کے شہر رچمنڈ سے لے کر میساچوسٹس کے شہر بوسٹن تک درجہ حرارت 90 سے 100 ڈگری فارن ہائٹ کے قریب رہنے کی توقع ہے۔

کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا اور بڑے شہر ٹورنٹو میں درجہ حرارت تقریباً 100.4 ڈگری فارن ہائٹ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ نمی کی زیادہ مقدار کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس ہوگی۔

کینیڈین ماحولیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرم اور مرطوب موسم کے باعث فضائی معیار خراب ہو سکتا ہے اور صحت کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مونٹریال میں دور دراز علاقوں میں لگی جنگلاتی آگ کے دھوئیں کے باعث آسمان زرد دکھائی دینے لگا۔

ماہرین کے مطابق “ہیٹ ڈوم” ایک ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس میں بلند دباؤ کا نظام گرم ہوا کو ایک علاقے میں قید کر دیتا ہے، جس سے کئی دنوں یا ہفتوں تک درجہ حرارت معمول سے بہت زیادہ رہتا ہے۔

ماحولیاتی سائنس دان مارک الیسی کے مطابق ہیٹ ڈوم قدرتی موسمیاتی نظام کا حصہ ہیں، تاہم انسانی سرگرمیوں خصوصاً فوسل فیول کے استعمال سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی نے ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے، جس کے باعث ایسی شدید گرمی کی لہریں زیادہ خطرناک ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بحرالکاہل میں بننے والا ممکنہ شدید ال نینو بھی اس صورتحال پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ گرم سمندری درجہ حرارت فضائی نظام کو تبدیل کر کے گرم ہوا کو ایک جگہ برقرار رکھنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

پیش گوئی کے مطابق ہفتے کے آخر تک کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، تاہم امریکا کے مغربی پہاڑی علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ جولائی کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پاکستان