اہم ترین

بھارتی ہندو پنڈٹ عامر خان کے قاتل کو 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان

بالی ووڈ اداکار عامر خان کی تیسری شادی کے معاملے پر بھارت میں جاری بحث کے دوران ایودھیا کی تپسوی چھاؤنی کے پیٹھادھیشور جگدگرو پرمہنس آچاریہ کے ایک متنازع بیان نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرمہنس آچاریہ نے ایک گفتگو کے دوران عامر خان کی شادیوں پر تنقید کرتے ہوئے انتہائی سخت الفاظ استعمال کیے اور کہا کہ جو شخص عامر خان کو نقصان پہنچائے گا، اسے 5 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے مبینہ طور پر اس شخص کے قانونی اخراجات اٹھانے اور خاندان کو رقم دینے کی بات بھی کی۔

پرمہنس آچاریہ نے عامر خان پر الزام عائد کیا کہ ان کی شادیاں ایک خاص نظریے کو فروغ دینے کی سازش کا حصہ ہیں، جبکہ انہوں نے سیاست دان نتیش رانے کے الزامات کی حمایت بھی کی۔

دوسری جانب عامر خان نے اپنی شادیوں سے متعلق مذہبی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ان کی تمام شادیاں سول میرج تھیں اور کسی بھی اہلیہ نے شادی کے بعد اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا۔

عامر خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی سابق اہلیہ ریما دتہ، کرن راؤ اور موجودہ شریک حیات گوری سپریٹ کے ساتھ تعلقات ذاتی پسند، باہمی احترام اور سمجھ بوجھ پر مبنی رہے، مذہب کی بنیاد پر نہیں۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان کی تیسری شادی کی خبر کے بعد سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، جبکہ بعض سیاسی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے بھی اس معاملے پر بیانات سامنے آئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کسی بھی فرد کے خلاف تشدد یا قتل پر اکسانے والے بیانات قانونی طور پر سنگین معاملہ تصور کیے جاتے ہیں اور ایسے بیانات پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کا امکان موجود ہوتا ہے۔

پاکستان